ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انکولہ: نقلی پی ایس آئی بن کر ماروتی کار اڑا لے جانے والاکیا بی ایس ایف کا سابق جوان تھا؟

انکولہ: نقلی پی ایس آئی بن کر ماروتی کار اڑا لے جانے والاکیا بی ایس ایف کا سابق جوان تھا؟

Mon, 19 Sep 2016 00:51:49    S.O. News Service

انکولہ 19/ستمبر (ایس او نیوز)امسال مئی کے مہینے میں ماستی کٹہ کے پاس نقلی پی ایس آئی بن کر ماروتی سوِفٹ کار چھین لے جانے کا جو واقعہ پیش آیا تھا، لگتا ہے کہ اس کی تہہ تک پہنچنے میں پولیس کامیاب ہوگئی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ بیلگاوی میں لوٹی گئی ماروتی سوفٹ کار کے ساتھ ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے اور کارسمیت ملزم کوانکولہ لایا جارہا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ نقلی پی ایس آئی بن کر کار اڑا لے جانے والا بارڈرسیکیوریٹی فورس کا ایک سابق جوان ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ مئی کے مہینے میں سدھیر نامی ایک شخص اپنی فیمیلی کے ساتھ سوِفٹ کار میں ہبلی جارہا تھا۔ماستی کٹے کے پاس پی ایس آئی کے لباس میں ایک شخص نے کار روکی اور کہا کہ اس کے اندر گانجہ ہونے کی خبر ملی ہے اس لئے تلاشی لینا ہے۔ پھر سب لوگوں کو کار سے اتارنے کے بعدایک دوسری کار کو روکا اور اس سے کہا کہ ان تمام لوگوں کو پولیس اسٹیشن لے چلو، میں اس کار میں پیچھے پیچھے آرہاہوں۔ان سب لوگوں نے اس شخص کو اصلی پی ایس آئی سمجھ کر اس کی ہدایت پر عمل کیا۔اور اپنی کار کو انہوں نے انکولہ کی طر ف موڑ دیا۔ جبکہ تھوڑی دیر بعد معلوم ہواکہ پی ایس آئی بننے والا شخص کار کو قبضے میں لینے کے بعد ہبلی کی طرف کار موڑتے ہوئے رفو چکر ہوگیا ہے۔

اتفاق سے کچھ دن پہلے ہبلی ودیا نگر سے چوری ہونے والی ویگن آر کار بیلگاوی کتور بس اسٹانڈ کے پاس دستیاب ہوئی۔ تحقیقات کے بعد پولیس کار چوری کرنے والے کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی جو کہ ایک سابق بی ایس ایف جوان ہے۔جس کا نام سریش سندی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب ویگن آر چرانے کے معاملے میں سختی سے پوچھ تاچھ ہوئی تو اس دوران اس نے ماستی کٹہ کے مقام پر نقلی پی ایس آئی بن کر سوِفٹ کار چرانے کا بھی اقرار کرلیا ہے۔ مگر پولیس نے یہ جانکاری نہیں دی ہے کہ ابھی چرائی گئی سوِفٹ کاردستیاب ہوئی ہے یا نہیں۔ 
 


Share: